معروف بھارتی مسلمان نغمہ نگار، فلم لکھاری اور شاعر جاوید اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دونوں بچے مذہبی طور پر ملحد ہیں جب کہ ان کی اولاد نے اپنے بچوں کے شناختی دستاویزات میں لکھا ہے کہ ان پر مذہب کا اطلاق نہیں ہوتا۔

بولی وڈ اداکار اور فلم ساز فرحان اختر اور زویا اختر ان کے بچے ہیں جو انہیں پہلی اہلیہ ہنی ایرانی سے ہیں جب کہ فرحان اختر شادی شدہ اور دو بیٹیوں کے والد ہیں۔

فرحان اختر نے بھی والد کی طرح دو شادیاں کیں، ان کی پہلی شادی بھی والد کی طرح طلاق پر ختم ہوئی، ان کی پہلی اہلیہ ادھونا ہندو مذہب کی پیروکار تھیں جب کہ انہوں نے دوسری شادی شبانی ڈنڈیکر سے کی ہے۔

فرحان اختر کو پہلی اہلیہ سے دو بیٹیاں شاکیا اور آکیا ہیں جو اس وقت یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

جاوید اختر نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران دیگر معاملات سمیت اولاد کی تربیت اور خاندانی ورثے پر بھی کھل کر بات کی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق جاوید اختر نے انٹرویو کے دوران کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی اولاد ان کے ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے سیکولرازم کے راستے پر چل رہی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی زویا اختر اور بیٹا فرحان اختر مذہبی طور پر ملحد ہیں جب کہ انہوں نے یہی روایت اپنی اولاد تک بھی برقرار رکھی ہے۔

نغمہ نگار اور فلم ساز کا کہنا تھا کہ فرحان اختر نے اپنی بیٹیوں کے شناختی دستاویزات میں مذہب کے خانے میں ’اطلاق نہیں ہوتا‘ درج کروا رکھا ہے۔

جاوید اختر نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی پوتیاں بھی ملحد ہیں یا نہیں یا پھر وہ کس مذہب کی پیروکار ہیں۔

فلم ساز کی جانب سے اولاد کے ملحد ہونے اور پوتیوں پر مذہب کا اطلاق نہ ہونے کی بات کہنے پر انہیں بھارتی مسلمانوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

بھارت میں متعدد مسلمان شخصیات نے ہندو مذہب کی پیروکار شخصیات سے شادیاں رچا رکھی ہیں جب کہ ایسے جوڑوں کی اولاد کی مذہبی شناخت ہمیشہ بحث کا موضوع بھی رہتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں