ہولی وڈ اداکار کے ہاں 83 برس کی عمر میں بچے کی پیدائش متوقع

اپ ڈیٹ 31 مئ 2023
دونوں کے درمیان دو سال سے تعلقات ہیں —فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
دونوں کے درمیان دو سال سے تعلقات ہیں —فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی ہولی وڈ اداکار جیمز الفریڈ ال پاچینو کے ہاں 83 برس کی عمر میں چوتھے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ضعیف العمر اداکار کے بچے کی ماں اداکار کی پہلی بیٹی سے بھی کم عمر ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ نے اپنی رپورٹ میں متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ضعیف اداکار ال پاچینو کی گرل فرینڈ 29 سالہ فلم پروڈیوسر نور الفلاح 8 ماہ کے حمل سے ہیں۔

اسی حوالے سے معروف ’پیپلز میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ال پاچینو کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر خبر کی تصدیق کی اور بتایا کہ اداکار کی گرل فرینڈ امید سے ہیں اور جوڑے کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

پیپلز میگزین نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ ال پاچینو اس سے قبل دو مختلف خواتین سے تین بچوں کے والد ہیں اور ان کی بڑی صاحبزادی کی عمر 33 برس ہے۔

ال پاچینو کی بڑی صاحبزادی جولی پاچینو کی پیدائش 1989 میں ہوئی تھی، ان کی والدہ جان ٹرنٹ اداکاری سکھانے کی کوچ تھیں، ان سے بھی اداکار نے شادی نہیں کی تھی بلکہ دونوں کے درمیان کئی سال تک رومانوی تعلقات رہے تھے۔

اسی طرح ال پاچینو کو 22 سالہ دو جڑواں بچے بھی ہیں اور وہ ان کی دوسری گرل فرینڈ ڈی اینجیلو سے ہیں۔

اداکار کے جڑواں بچوں میں 22 سالہ بیٹا اینٹن جب کہ بیٹی اولیویا ہیں اور اداکار کے پہلے تینوں بچے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

اب اداکار کے ہاں 83 برس کی عمر میں اپنی بڑی بیٹی سے بھی چار سال کم عمر گرل فرینڈ کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

ان کی گرل فرینڈ نور الفلاح فلم پروڈیوسر ہیں اور ان کا تعلق بھی امریکا سے ہی ہے، تاہم ان کے والد کویتی ہیں۔

فیشن میگزین ہارپر بازار کے مطابق 29 سالہ نور الفلاح کی والدہ امریکی جب کہ والد کویتی نژاد کاروباری شخص ہیں۔

نور الفلاح کی پیدائش بھی کویت میں ہی ہوئی جب کہ ان کی پرورش بھی خلیجی ملک میں ہی ہوئی، تاہم بعد ازاں وہ کیریئر بنانے کے لیے امریکا منتقل ہوگئیں۔

ال پاچینو کی طرح نور الفلاح کی ماضی کی زندگی بھی بڑی دلچسپ رہی ہے، وہ 82 سالہ اداکار سے تعلقات میں رہنے سے قبل 2017 اور 2018 میں محض 23 سال کی عمر میں 75 سالہ اداکار مک جیگر کے ساتھ تعلقات میں رہی تھیں۔

علاوہ ازیں وہ اس سے قبل نوجوانی میں ارب پتی امریکی شخص 61 سالہ نکولس برگلین کے ساتھ بھی تعلقات میں رہی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں